Sidra Taimoor
ایک بادشاہ کا غلام گھوڑے پر سوار غرور کے عالم میں چلا آرہا تھا۔ سامنے ایک بزرگ آ گئے۔ انہوں نے اس مغرور غلام سے کہا : یہ اکڑ خانی تو اچھی نہیں۔
غلام نے اور زیادہ اکڑ سے کہا۔ ”میں فلاں بادشاہ کا غلام ہوں“ اور وہ بادشاہ مجھ پر بہت بھروسہ کرتا ہے جب وہ سوتا ہے تو میں اس کی حفاظت کرتا ہوں۔ جب اسے بھوک لگتی ہے تو میں اسے کھانا دیتا ہوں۔ کوئی حکم دیتا ہے تو فوراً بجا لاتا ہوں ۔“
اس پر بزرگ نے پو چھا اور جب تم سے کوئی غلطی ہو جاتی ہے تو؟
غلا م نے جواب دیا۔
”اس صورت میں مجھے کوڑے لگتے ہیں۔“
اس پر بزرگ بولے۔ ”تب تم سے زیادہ مجھے اکڑنا چاہیے ۔“
غلام نے حیران ہو کر پوچھا۔ وہ کیسے؟ بزرگ بولے۔ میں ایسے بادشاہ کا غلام ہوں کہ جب میں بھوکا ہوتا ہوں تو وہ مجھے کھلاتا ہے۔ جب میں بیمار ہوتا ہوں وہ مجھے شفا دیتا ہے۔ جب میں سوتا ہوں تو وہ ہر طرح میری حفاظت کرتا ہے ۔“ جب مجھ سے غلطی ہو جائے اور میں اس سے معافی مانگ لوں تو بغیر کوئی سزا دئیے اپنی رحمت و مہربانی سے مجھے بخش دیتا ہے۔ یہ سن کر اس مغرور غلام نے کہا تب تو مجھے بھی اس کا غلام بنا دیں۔ بزرگ فوراً بولے۔
بس تو پھر اللہ کا ہو جا۔ ایسا مالک تمہیں کہیں نہیں ملے گا۔۔۔۔